کراچی: (جیو ڈیسک) ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی گاڑی پر خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد پانچ ہو گئی جبکہ تیرہ افراد زخمی ہیں۔ کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ کے بس اسٹاپ پر بم دھماکے میں ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم ایس ایس پی را انوار بکتر بند گاڑی میں موجود ہونے کے باعث محفوظ رہے۔ بکتر بند گاڑی کا نمبر ایس پی نائن ایٹ زیرو ون ہے۔
ایڈیشنل آئی جی اختر گورچانی نے ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ملیر میں راؤ انوار کے قافلے پر ہونے والا حملہ خودکش تھا، انہوں نے کہا کہ حملے میں را انوار کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ دھماکے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق اور سولہ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید تین زخمی افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ زخمیوں میں عارف، عجب گل، یاسین، اقبال، ہاشم، طارق، احمد، بلال ثاقب، امام، اعجاز، ملک اور شفیق شامل ہیں۔
پولیس و رینجرز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔