کراچی (جیوڈیسک)کراچی کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب سوئی سدرن گیس کمپنی کے سب اسٹیشن کے قریب دھماکے میں2 افراد زخمی ہو گئے، پولیس اور ایس ایس جی سی کی ٹیم کے درمیان دھماکہ کے بعد تنازعہ کھڑا ہو گیا۔
نیپا چورنگی کراچی کے قریب سوئی سدرن گیس کمپنی کے سب اسٹیشن کے قریب زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے اور قریب کھڑے2 رکشوں کے ششے ٹوٹ گئے۔
پولیس نے دھماکے کو گیس لیکیج قرار دے دیا۔ دھماکے کی جگہ ایس ایس جی سی کی ٹیم پہنچی اور معانہ کے بعد پولیس کے بیان کو غلط قرار دے دیا۔ ایس ایس جی سی کے انجنئیر کے مطابق دھماکہ بارودی مواد کے باعث ہوا ہے۔
تنازعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچا اور ایک گھنٹے سے زائد تنازعے کے بعد پولیس نے اسے بارودی مواد سے دھماکہ قرار دیا اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔