کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک نازک دور سے گذر رہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں اتحاد کا مظاہرہ کریں، ایسی سیاست نہیں چاہتے جس سے عدم استحکام پیدا ہو۔ آذاد کشمیر کے حلقے ایل اے 30 اور ایل اے 36 کے انتخابات میں متحدہ کے امیدواروں کی کامیابی کے موقع پر ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر جمع ہونے والے کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کو کوئی لسانی جماعت نہیں کہہ سکتا، ایم کیو ایم کی جڑیں پورے ملک میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کسی ایک قومیت، طبقے یا علاقے کی جماعت نہیں، متحدہ کے کارکن ہر صوبے اور ہر شہر میں موجود ہیں، ہماری جماعت کو لسانی جماعت سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں، پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کے ذریعے مسلہ کشمیر حل کرنا چاہیے۔