کراچی (جیوڈیسک)کراچی میں تبت سینٹر کے قریب سے تشدد زدہ لاش ملی جس کے بعد شہر میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ قائد آباد میں پولیس کے سرچ آپریشن میں 2 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
کراچی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر سنجیدہ رویئے کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ سائٹ میں غنی چورنگی کے نزدیک فائرنگ سے حامد نامی شخص جاںبحق ہوا۔ گولیمار میں فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت کا کارکن وقار جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ کیماڑی میں عاشق حسین کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ کلفٹن، نیلم کالونی میں چھریوں کے وار سے محمد فاروق کو قتل کر دیا گیا۔
اورنگی ٹاؤن اور خیر آباد میں فائرنگ سے دو افراد جاںبحق اور 3 زخمی ہوئے۔ ڈاکس میں یوسف بنگالی کو قتل کیا گیا۔ لی مارکیٹ کے نزدیک دہشتگرد پولیس اہلکار ظہیر کی لاش پھینک کر فرار ہوئے جبکہ منگھوپیر سے بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔ عباس ٹاون کے نزدیک مبینہ زیادتی کی کوشش کے دوران 16 سالہ لڑکی کو قتل کر دیا گیا۔
ڈالمیا کے علاقے میں پولیس نے کالعدم تنظیم کے دفتر پر چھاپے کے دوران کباڑ کے سامان میں چھپائی گئی رائفل اور آوان گولے برآمد کرلئے جبکہ رینجرز نے لیاری سیفی لائن میں چھاپے کے دوران گینگ وار کے 2 کارندوں کو گرفتار کر کے 2 مشین گن، 10 دستی بم، 5 کلاشنکوف، 3 رائفل، 8 پستول اور 7 مارٹر گولے برآمد کر لئے۔