کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا جبکہ پولیس اور رینجرز ٹارگٹ کلرز کے سامنے بے بس ہیں، فائرنگ کے تازہ واقعات میں مزید دو افراد سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا۔
شہر قائد کی سڑکوں پر موت کا رقص جاری ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کو لگام ڈالنے میں ناکام ہیں۔ ملیر کے علاقے کھو کر اپار نمبر تین میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے سی ڈی کی دکان پر کھڑے تیس سالہ نوجوان محمد ندیم کو قتل کر دیا۔ لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اورنگی ٹاؤن کے علاقے خیر آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پچاس سالہ جمیل احمد جاں بحق ہو گیا۔ دوسری جانب چنیسر گوٹھ میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔