کراچی: طالبان کے شبے میں سی آئی ڈی پولیس کے ہاتھوں گرفتار شخص فضل محسود کو عدالتی احکامات کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سی آئی ڈی نے فضل محسود کو بیت اللہ محسود کا قریبی ساتھی قرار دیا تھا، فضل محسود کو کو کیماڑی کے علاقے ایم ٹی خان روڈ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مبینہ طالبان کمانڈر کی گرفتاری پر ایس ایس پی فیاض خان نے بتایا کہ تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والا فضل حسین محسود عرف بابا ملزم بیت اللہ محسود کا قریبی ساتھی ہے اور جب بیت اللہ محسود وزیرستان میں محاذ پر زخمی ہوا تھا تو کراچی میں ملزم فضل حسین نے اسے اپنے پاس رکھ کر علاج کرایا تھا۔تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردجو لڑائی کے دوران زخمی ہوکر علاج کیلئے کراچی آتے ہیں ملزم فضل محسود انھیں یہ سہولت فراہم کرتا ہے۔ملزم وانا اور وزیرستان میں فوج اور حساس اداروں کیخلاف آپریشن میں سرگرم بھی رہا ہے اور وہاں کے دہشتگردوں سے بھی رابطے میں ہے۔