کراچی(جیوڈیسک)کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں ہوٹل پر فائرنگ سے 2 سگے بھائیوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ پولیس نے شریف آباد سے شہریوں کو لوٹنے والے دو ڈاکوں کو گرفتار کر لیا۔
صنعتی علاقے میں مسلح افراد نے ایک ہوٹل میں بیٹھے لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں پانچوں افراد دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں نیو کراچی کی مسجد کے پیش امام رفیق سمیت دو سگے بھائی جبرائیل اورخدائے نور بھی شامل ہیں۔ دیگر افراد کی شناخت ساجد اور عامر کے نام سے کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے افراد دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ علاقے میں پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ اہل سنت والجماعت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں جبرائیل، خدائے نور اور رفیق ان کی جماعت کے کارکن اور دیگر دو افراد ہمدرد تھے۔ اس سے پہلیمختلف فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں چار افراد کی زندگی کے چراغ گل ہو گئے۔
دوسری طرف بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ پر قابو پانے سے متعلق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی زیر صدارت تاجروں و صنعتکاروں کا اجلاس ہوا ہے جس میں پندرہ نومبر تک سی پی ایل سی کے تعاون سے کمیونٹی پولیسنگ کا نظام وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ تاجر و صنعتکار انسداد جرائم کیلئے اقدامات کی حمایت کریں۔ گورنر نے آئی جی پولیس اور سی پی ایل سی چیف پر موبائل فونز لوکیٹرز جلد از جلد نصب کرنے پر زور دیا۔