کراچی: (جیو ڈیسک) لسبیلہ میں بجلی کی بندش کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ پولیس کو بھی پتھراو کرکے بھگا دیا گیا۔ لسبیلہ چورنگی پر دو گھنٹے تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اہل علاقہ نے بچوں کے ہمراہ سڑکوں پر ٹائر جلائے اور روڈ بلاک کر دیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے پولیس لسبیلہ پہنچی تو اس پر بھی پتھراو کیا گیا جس کے نتیجے میں پولیس بھاگ کھڑی ہوئی۔ تھوڑی دیر بعد پولیس دوبارہ پہنچی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا۔
مظاہرے کے باعث ٹریفک کو تین ہٹی اور پرانا گولیمار کی طرف موڑ دیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ چھ دن سے بجلی بند ہے اور شکایت کے باوجود کوئی نہیں سنتا۔ انتظامیہ کے اس ناروا سلوک پر احتجاج نہ کریں تو کیا کریں مظاہرے کے باعث آس پاس کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا۔ جس سے مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔