کراچی : (جیو ڈیسک) لیاری میں گذشتہ روز مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کے بعد اب تک علاقے میں کشیدگی ہے لیاری کے علاقے آٹھ چوک اور لی مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ اور پیٹرول بم کے حملوں سے تین پولیس اہلکار سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔ وزیر داخلہ سندھ نے ڈپٹی کمشنر ساتھ سے نوجوان کی ہلاکت پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔
لیاری میں گزشتہ روز سے جاری کشیدگی آج بھی برقرار ہے۔ لی مارکیٹ چوک پر نامعلوم افراد نے گاڑیوں پر پتھرا کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کے شیل برسائے، اس دوران علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا احتجاج اور کشیدگی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ نامعلوم افراد نے علاقے میں دکانیں اور کاروبار بند کروا دیا۔
علاقہ مکینوں نے تھانے کا گھیرا کرلیا جس پر پولیس نے حالات پر قابو پانے کیلئے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے لیاری کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ علاقہ مکینوں کا موقف ہے گزشتہ روز ہلاک ہونے والے نوجوان ثاقب کو جعلی مقابلے میں ہلاک کیا گیا وہ بے قصور تھا۔