کراچی کے علاقے کورنگی میں سی پی ایل سی اور اے وی سی سی نے مشترکہ کارروائی کر کے مغوی تاجر کو بازیاب کرا لیا، مقابلے کے دوران تین اغوا کار مارے گئے۔ سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے کے مطابق کورنگی کے علاقے میں کارروائی کے دوران مغوی تاجر ریاض احمد چنائے کو بازیاب کرا لیا گیا۔ اغوا کاروں نے مغوی تاجر کے رشتے داروں سے ساٹھ کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ مغوی تاجر کو سات اکتوبر کو قائد آباد کے علاقے سے گاڑی سمیت اغوا کیا گیا۔ تاہم سی پی ایل سی اور اینٹی وائلنس کرائم سیل نے کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں مشترکہ کارروائی کی اور مغوی تاجر کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران اغوا کاروں سے سخت مقابلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں تین اغوا کار ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک اغوا کاروں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔ کارروائی گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کی گئی۔