کراچی (جیوڈیسک)کراچی شارع فیصل پر فائرنگ سے جاں بحق مفتی عبدالمجید دین پوری اور مفتی محمد صالح کی نماز جنازہ جامعہ بنوری ٹاون میں ادا کردی گئی۔ کراچی کے علاقے شارع فیصل میں نرسری کے مقام پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے جامعہ بنوری ٹاون کے رئیس دارالافتا مفتی عبدالمجید دین پوری، مفتی محمد صالح اور حسان علی شاہ کو شہید کردیا تھا۔
جیو نیوز کے نمائندہ عابد حسن کے مطابق جاں بحق مفتیان کرام کی نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی جبکہ ان کی تدفین ڈالمیا قبرستان میں کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق شیخ الحدیث مفتی عبدالمجید دین پوری جامعہ درویشیہ کے مہتمم لیاقت علی شاہ کے صاحبزادے مقتول حسان علی شاہ کی گاڑی میں درس کیلئے سندھی مسلم سوسائٹی میں جامعہ درویشیہ جارہے تھے۔
جنہیں شارع فیصل کے علاقے نرسری کے قریب موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ٹارگٹ کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں حسان علی شاہ اور مفتی صالح کروڑوی بھی جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق مفتی عبدالمجیددین پوری روزانہ جامعہ مسجد بنوری ٹاون سے جامعہ درویشیہ میں درس کیلئے جاتے تھے۔