کراچی (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے کراچی میں انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے لئے شیڈول جاری کر دیا، پانچ جنوری سے گھر گھر تصدیق کا عمل شروع ہو گا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق گھر کے سربراہان کے نام پر ایک فہرست جاری کی جائے گی۔ اکتیس دسمبر سے تصدیق کرنے والے افسر شماریاتی بلاک کا دورہ کریں گے اور یہ عمل پانچ دن میں مکمل ہو گا۔
گھر گھر ووٹر کی تصدیق کا عمل اٹھارہ روز میں مکمل ہو گا۔ 23 جنوری کو انتخابی فہرستیں متعلقہ افسروں کے حوالے کی جائیں گی اور 24 فروری کو نادرا انتخابی فہرستیں تیار کرے گا۔ الیکشن کمیشن کی ٹیموں کو فوج اور ایف سی کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ووٹروں کی تصدیق اور فہرستوں کی چھپائی کا عمل 69 روز میں مکمل کر لیا جائیگا۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں جن دوستوں کو اعتراض ہے وہ اپیل میں جا سکتے ہیں۔