کراچی (جیو ڈیسک) کراچی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات تک مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات ہوئے جس میں6 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کل متعدد گاڑیوں کو نذ ر آتش کردیا گیا تھا۔ رینجرز نے لیاری کے علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف سرچ آپریشن بھی کیاجس کے دورا ن چارا فراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے سیکورٹی اداروں نے اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔ آج عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے اپنے دو کارکنوں کی ہلاکت پر یوم سوگ بھی منایا جارہا ہے جس کے سبب شہر میں ہڑتال کا سماع ہے اور سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کا کہنا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جارہی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی کے آپریشن میں تمام جماعتوں کی حمایت حاصل ہے اور اب تک پینتیس افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسلحہ تحریک طالبان کی جانب سے فراہم کیا جارہا ہے اور منظم سازش کے تحت شہر کے حالات کو خراب کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔