کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما رضا ہارون کا کہنا ہے کہ کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے ن لیگ ، تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کے دھرنے کا کوئی آئینی جواز نہیں، ایسا کرنا الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار ہو گا۔
کراچی میں ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن رضا ہارون کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے۔ کراچی میں حلقہ بندیوں کا معاملہ عدالت اور الیکشن کمیشن میں ہے۔ بہتر تھا کہ ان سے رجوع کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم آج بھی مردم شماری کے بعد پورے ملک میں حلقہ بندیوں کے حق میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے دھرنا دینے کا اعلان کرنے والی وہی جماعتیں وہی ہیں جنہوں نے طاہر القادری کے دھرنے کو مسترد کیا اور غیر آئینی قرار دیا تھا۔ اب ان کے اپنے دھرنے کا کوئی آئینی جواز نہیں رہ جاتا۔