کراچی : وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ امن و امان کے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی کے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگز سے متاثرہ علاقوں میں سرجیکل آپریشن کیا جائے گا۔ متحدہ قومی موومنٹ سے مفاہمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیر اعلی ہاس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلاتفریق آپریشن کے لئے گورنر سندھ اور اتحادی جماعتوں نے منظوری دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے الزامات بے بنیاد اور غلط فہمی پر مبنی ہیں۔ پیپلز پارٹی نے کبھی دہشتگردوں کی مدد نہیں کی۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں ایک سو سات ٹارگٹ کلر پکڑے گئے، جنہوں نے سو سو سے زائد قتل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کا وزیراعظم کے لئے بیان غیر مناسب ہے، کوئی وزیر اعظم نہیں چاہے گا کہ اس کے دور میں بے گناہ لوگ مریں۔ ایم کیو ایم کو اگر یوم سوگ منانا ہے تو کسی گرانڈ میں قرآن خوانی کرائے، شہر اور ٹرانسپورٹ کو بند کرایا جارہا ہے جس سے عوام کو نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چکرا گوٹھ میں گرفتار ملزمان دہشتگرد ہیں انہیں کسی صورت میں نہیں چھوڑا جائے گا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی لیاری گینگ وار یا پیپلز امن کمیٹی کی سرپرستی نہیں کر رہی۔