کراچی(جیوڈیسک)کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوارجبکہ سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا ہے۔ بارش کے باعث کے ای ایس سی کے ارسٹھ فیڈر ٹرپ کر گئے ،شہر میں بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہوگئی۔
کراچی میں بارش نے موسم خوشگوار بنادیا۔کئی مقامات پربونداباندی توکہیں موسلادھار بارش جاری ہے ۔ بعض مقامات پر نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔ بارش کے باعث مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہو گیا ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
کے ای ایس سی کے فیڈر ٹرپ کرنے سے نارتھ ناظم آباد ، نارتھ کراچی، گلشن اقبال ، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی اور ملیر کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دس ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے ، سندھ میں اگلے دو روز تک وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔