کراچی میں موٹرسائیکل پر پابندی کا نوٹیفیکیشن واپس لے لیا گیا

Sindh High Court

Sindh High Court

کراچی (جیوڈیسک)سندھ ہائی کورٹ کے موٹر سائیکل پر پابندی کو معطل کرنے کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے نوٹیفکیشن واپس لے لیا جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ وسیم احمد نے عدالت کو بتایا کہ حکومت سندھ نے دکانیں بند کرنے کے کوئی احکامات جاری نہیں کئے۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم کی عدالت میں سندھ ہائی کورٹ بار کی درخواست کی سماعت ہوئی۔سیکریٹری داخلہ وسیم احمد، آئی جی سندھ فیاض لغاری ، ایڈوکیٹ جنرل فتح ملک اور بار کی جانب سے صدر انورمنصور خان پیش ہوئے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ وسیم احمد نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات پر موٹرسائیکل پر پابندی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پابندی عائد کی گئی تھی۔جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ سیکیورٹی اقدامات میں شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہ کی جائے انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل عام آدمی سواری ہے اسے متاثر کئے بغیر تحفظ ممکن بنایا جائے۔ہائی کورٹ بار کے صدر انور منصور خان اور ندیم شیخ ایڈوکیٹ نے عدالت کی توجہ دکانوں اور موبائل فون کی بندش کی جانب دلائی۔

وسیم احمد نے بتایا کہ حکومت سندھ ، محکمہ داخلہ اور پولیس کی جانب سے دکانوں کو بند کرنے کے کوئی احکامات جاری نہیں کئے گئے۔ موبائل کی بندش پر سیلولر فون کمپنیوں کی دائر درخواست پر سماعت کے بعد متعلقہ بنچ فیصلہ کرے گی۔