کراچی (جیوڈیسک)پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ روکنے میں بے بس دکھائی دیتے ہیں۔ فائرنگ کے مختلف واقعات میں مزید دس افراد جاں بحق ہوئے۔مجلس وحدت المسلمین نے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دیا۔دوسری جانب کراچی میں رینجرز نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
رات گئے ملیر کھوکھرا پار،کٹی پہاڑی،شاہ لطیف ٹاون،مہران ٹاون،بلدیہ ٹاون کوکن محلہ میں کیے گئے ٹارگٹڈ آپریشن میں رینجرز کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا۔آپریشن میں متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ اردو بازار کے قریب ایک شخص جبکہ ماری پور روڈ کے قریب دو افراد کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔