کراچی میں تین وکیلوں کے قتل پر وکلا برادری کی آج ملک گیر ہڑتال جاری ہے جبکہ سندھ بار کونسل نے کراچی میں غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ کل فائرنگ سے جاں بحق وکلا کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔ کراچی میں تین وکلا کے قتل کے خلاف آج ملک بھر میں وکلا نے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا جبکہ سندھ بار کونسل کا کراچی ایم اے جناح روڈ پر دھرنا جاری اورغیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ بلوچستان بارایسوسی ایشن ،بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اوردیگر وکلا تنظیموں کی کال پر آج تمام وکلا نے عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کیا اور کوئی بھی وکیل عدالت میں مقدمات کی پیروی کیلئے پیش نہیں ہوا۔ وکلا نے کراچی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر ڈسٹرکٹ بار سکھر کے آفس سے مینارہ روڈ تک وکلا نے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکا کا کہنا تھا کہ کراچی میں وکلا کا قتل کھلی دہشتگردی ہے۔ قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون اور آئین کی بالادستی قائم کی جائے۔ قاتلوں کو گرفتار نہ کیاگیاتو احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائیگا۔