کراچی میں قتل وغارت گری کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ فائرنگ کے مختلف واقعات میں سیاسی جماعت کے علاقائی عہدیدار، بلدیہ عظمی کے ڈائریکٹر ایجوکیشن اور پولیس اہلکار سمیت نو افراد زندگی کی بازی ہارگئے۔
گلشن اقبال بلاک فائیو میں گاڑی پر فائرنگ سے عامر نقوی نامی شخص اسپتال میں دوران علاج چل بسا ۔ تین ہٹی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے بلدیہ عظمی کے ڈائریکٹراسکول شمیم خان کو زخمی کردیا جو کہ نجی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔ نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس کے اے ایس آئی شفیع کو قتل کردیا ۔
شارع نورجہاں کے علاقے پہاڑ گنج کے قریب گھات لگائے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پیپلزپارٹی کے علاقائی عہدیدار سجاد کو قتل کردیا، سیاسی عہدیدار کی ہلاکت کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ۔ ماڑی پور روڈ کراون سینما اور مچھر کالونی کے قریب سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تینوں افراد کو تشدد کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
بہار کالونی سے بھی سابق فٹبالر جاوید کی بوری بند لاش ملی ۔ گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کے قریب فائرنگ سے زخمی حاجی اقبال بھی جانبر نہ ہوسکا۔ سہراب گوٹھ میں انڈس پلازہ کے قریب پولیس اور شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ملزمان کے درمیان مقا بلہ ہوا جس میں ایک ڈاکو مارا گیا۔