کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ کراچی میں مستقل اورپائیدارامن کے قیام کیلئے حکومت کی جانب سے مخلصانہ کوشش میں ایم کیو ایم بھرپور تعاون کرے گی۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ ملکی مفاد کو ترجیح دی ہے اور اسے آج بھی ملک وقوم کااجتماعی مفادسب سے عزیز ہے۔ انہوں نے رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ،گیس کے بحران اور عوام کو درپیش دیگر مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک میں سحر وافطار کے دوران بجلی کی عدم فراہمی سے شہریوں کو درپیش مشکلات قابل تشویش ہیں۔ انہوں نے رابطہ کمیٹی کے ارکان اورتمام ارکان پارلیمنٹ کوہدایت کی کہ وہ ایوانوں ، ٹی وی ٹاک شوزاورہرفورم پر اپنے موقف کوشائستہ اندازمیں پیش کریں اورتلخ کلامی کے بجائے دلائل کے ذریعے اپنا مقدمہ پیش کریں۔