کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ایک بار پھر لاشیں گرنے کاسلسلہ شروع ہو گیا، چند گھنٹوں کے دوران 6 افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔ کراچی بدامنی کیس کی سماعت آج پھر سپریم کورٹ رجسٹری میں ہو گی۔
نارتھ کراچی میں نامعلوم افراد نے دکان پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔ مقتول مرزا فرحان بیگ کا تعلق سیاسی جماعت سے تھا جبکہ پرانا حاجی کیمپ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ دوسری طرف گارڈن کے علاقے میں چڑیا گھر کے قریب سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ مقتولین کو قتل کر کے لاشیں ایک رکشے میں رکھی گئی تھیں۔
اس سے پہلے ابراہیم حیدری میں بھی ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ جبکہ یوسف گوٹھ میں ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی ہے جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ دوسری طرف کلفٹن کے علاقے میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے سرچ آپریشن کر کے تین افراد کو حراست میں لے لیا۔ سرچ آپریشن میں درجنوں اہلکار شریک تھے ، آپریشن ایک گھنٹہ جاری رہا۔