کراچی: کمشنری نظام کا آرڈیننس جاری کرنے کے لئے سمری ارسال

goverment of sindh

goverment of sindh

محکمہ قانون سندھ نے چیف سیکریٹری کو گورنر کے نافذ کردہ کمشنری نظام کا آرڈیننس جاری کرنے کے لئے سمری ارسال کردی ہے۔ کمشنری نظام کے حوالے سے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس آج ہو رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ قانون سندھ نے چیف سیکریٹری کو آفیشلز آرڈر بھیج دیا جس میں کہا گیا ہے کہ گورنر کا نافذ کردہ آرڈیننس گزشتہ روز ختم ہوگیا اور کمشنری نظام اور 1979 کا بلدیاتی نظام بحال ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے ضروری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
اس حوالے سے متحدہ اور پیپلزپارٹی کا اجلاس آج صبح گیارہ بجے ہورہاہے جس میں کمشنری نظام کے حوالے سے اعلان کیا جائیگا۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے پیر مظہر الحق، وزیربلدیات آغا سراج درانی اور وزیر قانون ایاز سومرو شریک ہوں گے۔ ایم کیو ایم کی نمائندگی سردار احمد، ڈاکٹر صغیر احمد اور واسع جلیل کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے حوالے سے رات گئے تک چیف سیکریٹری، وزیربلدیات اور محکمہ قانون کے دفاتر کھلے رہے تاہم نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکا۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی مومنٹ کے اجلاس میں سندھ میں بلدیاتی نظام پرکوئی سمجھوتہ طے نہیں پایا جا سکا۔ نئے بلدیاتی نظام پرقانونی اور آئینی ماہرین نے مشاورت کیلیے وقت طلب کر لیا۔