کراچی کے علاقے کورنگی بلال کالونی میں نامعلوم افراد فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کر کے سرکاری اسلحہ ساتھ لے گئے۔ شہید اہلکار الیکشن کمیشن کے کیمپ پر ڈیوٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ دوسری جانب مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے بلال کالونی میں ویٹا چورنگی کے قریب نا معلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکار کانسٹیبل عزیز اللہ اور کانسٹیبل شہزاد اخترکو شہید کر دیا اور دونوں اہلکاروں کا سرکاری رائفلز لے کر فرار ہو گئے۔ ایس پی کورنگی چوہدری اسد کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔
دونوں اہلکار موٹر سائیکل پر کھانا کھانے جارہے تھے کہ راستے میں مسلح موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔ ذرائع کے مطابق شہید پولیس اہلکار کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں تعینات تھے اور سرکاری اسکول میں قائم الیکشن کمیشن کے کیمپ پر ڈیوٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
جہاں سے کھانا کھانے نکلے اور شہید کر دیئے گئے۔ دوسری جانب سرجانی ٹاؤن تھانے کے حدود میں ناردرن بائی پاس کے قریب جھاڑیوں سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی۔
پولیس کے مطابق مقتول کو گلے میں پھندا ڈال کرقتل کیا گیا اور جیب سے ایک پرچی ملی ہے جس پر مقتول کا نام عدنان ولد حاجی اکرم اور پتہ بلوچستان کا درج ہے۔ لاسی گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بائیس سالہ عمر خان زخمی ہوگیا۔