کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں دکانداروں اور ہوٹلوں سے مبینہ طور پر بھتہ وصول کرنے والے دو پولیس اہلکاروں کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، پیٹی بھائیوں کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر تاجروں نے احتجاج کیا۔
کورنگی روڈ پر ایک ہوٹل سے بہ وردی پولیس اہلکار وقاص اور اسد بھتہ لینے پہنچے تو ہوٹل کے مالک انہیں پکڑ لیا۔ اس دوران اطراف کے دکاندار بھی جمع ہو گئے۔ ہوٹل مالک کے مطابق وقاص اور اسد نے 20 ہزار روپے کی رقم طلب کی تھی۔ دکانداروں کے مطابق دونوں افراد محمود آباد تھانے کے اہلکار ہیں اسی وجہ سے دکانداروں نے دونوں پولیس اہلکاروں کو پکڑ کر محمود آباد پولیس کے ہی حوالے کیا۔ تاہم پولیس نے پیٹی بند بھائی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو چھوڑ دیا جس پر ہوٹل مالک اور دکاندار تھانے کے باہر جمع ہوگئے۔
درخواست وصولی میں ٹال مٹول پر دکانداروں نے تھانہ کے باہر احتجاج کیا۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد مظاہرین کی درخواست وصول کر لی گئی اور کارروائی کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔