کراچی کے علاقے گل بائی میں واقع کیمیکل فیکٹری میں لگنے والی آگ پر9گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جاسکا۔خوفناک آگ سے فیکٹری کے کئی حصے گر گئے۔ متاثرہ فیکٹری میں وقفے وقفے سے دھماکے جاری ہیں۔ سائٹ ایریا کے علاقے گل بائی میں کیمیکل فیکٹری میٹا ٹیکس میں رات تقریبا ساڑھے بارہ بجے آگ بھڑک اٹھی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خوفناک شکل اختیار کرلی جس کے بعد شہر بھر سے فائر ٹینڈرطلب کر لیے گئے۔ پاکستان ایئر فورس اور کراچی پورٹ کی امدادی ٹیموں نے بھی آگ بجھانے کے کام میں حصہ لیا۔ تین گھنٹے تک 15 سے زائد فائر ٹینڈر 2 اسنارکل اور2 باوزر آگ بجھانے میں مصروف رہے تاہم آگ پھیلتی گئی اور اس نے پوری پانچ منزلہ عمار ت کو اپنی لیپٹ میں لے لیا۔ شدید آگ کی وجہ سے فیکٹری کی عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں جس کے بعد فائربریگیڈ سمیت دیگر امدادی ٹیموں کو دور ہٹا دیاگیا ۔ فیکٹری میں موجود کیمیکل میں آگ لگنے کے باعث وقفے وقفے سے دھماکے ہورہے ہیں جبکہ عمارت کے کئی حصے گرگئے ہیں۔