کراچی : (جیو ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے ایک عہدیدار کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ متحدہ قومی موومنٹ نے سیکٹر کمیٹی کے رکن کی ٹارگٹ کلنگ پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس وین سمیت چھہ گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی ہے جبکہ مشتعل افراد نے لیاقت نیشنل اسپتال میں توڑ پھوڑبھی کی۔ فائرنگ اور جلا گھیرا کے باعث ٹریفک معطل اور کاروبار بند ہو گیا ہے۔
ایم کیو ایم پی آئی بی سیکٹر کمیٹی کے رکن منصور مختار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے دہشت گردوں کی جانب سے سیکٹر کمیٹی کے رکن کو شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔