کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں دھماکے سے تین افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے میں تباہ ہونے والی ٹیکسی سے3 سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا۔
سہراب گوٹھ میں انڈس پلازہ کے قریب زیر تعمیر عمارت کے باہر زور دار دھماکے سے علاقہ گونج اٹھا۔ دھماکے کی زد میں آکر تین افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے جبکہ ایک گاڑی بھی تباہ ہو گئی۔
پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جاں بحق افراد کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق افراد میں سے ایک کی شناخت عبدالکریم کے نام سے کی گئی جبکہ دیگر دو لاشیں ناقابل شناخت تھیں۔ دھماکے میں تباہ ہونے والی ٹیکسی میں مشکوک سامان کی موجودگی پر تمام افراد کو جائے وقوعہ سے دور ہٹا دیا گیا جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے گاڑی سے 3 سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا۔
دھماکہ خیز مواد 2 صندوقوں، 2 سلینڈر اور ایک پریشر ککر میں نصب کیا گیا تھا جبکہ بڑی تعداد میں نٹ بولٹ اوردیگر سامان کا بھی استعمال کیا گیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بارودی مواد سے بھری گاڑی شہر میں کسی بڑی کارروائی کے لئے تیار کی گئی تھی اور دہشت گردوں کا منصوبہ کامیاب ہونے کی صورت میں بہت بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی۔