پنجاب(جیوڈیسک)صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں کرسی کیلئے نہیں بلکہ نا اہل حکمرانوں سے چھٹکارے کیلئے حصہ لے گی۔
مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ میں سرگودھا، ملتان اور گوجرانوالہ ڈویژن کی انتخابی سیاسی اور تنظیمی جائزہ رپورٹوں کو پیش کرنے کے موقع پر پارٹی کے مرکزی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہم شخصیات اور گروہوں کو شکست دینے کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کو کامیابیوں سے ہمکنار کرنے کیلئے سیاست کے میدان میں ہیں۔
صرف مسلم لیگ ن کے پاس ان بیماریوں کا علاج موجود ہے جو قومی مفادات کو نظر انداز کرکے شخصی اقتدار کے لالچ میں مبتلا افراد نے پیدا کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں عوام کی بالادستی کا اصول منوانے کے بعد ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہمارا اگلا ٹارگٹ ہے۔