پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور مینجر کرنل ریٹائر نوشاد علی نے بدعنوانی اور رشوت ستانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے کھلاڑیوں پر تبصرہ کرنے سے معذرت کر لی ہے۔ شارجہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر صرف کرکٹ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، ہمارا مقصد اچھی کرکٹ کھیلنا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ انکی ٹیم جیت کا عزم لیکر میدان میں اترے گی۔ ٹیم مینجر کرنل نوشاد علی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اینٹی کرپشن یونٹ قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور فرسٹ کلاس کرکٹرز کو بھی خصوصی تربیت دی رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ رونما نہ ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ عرب امارات سیریز میں سیکورٹی آفیسر کھلاڑیوں پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے ۔کرپشن کے خاتمے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ سخت اقدامات کر رہا ہے۔