لاہور: مسلم لیگ نون نے ایم کیو ایم کی حکومت میں دوبارہ شمولیت اور قاف لیگ کی مفاہمتی پالیسی پر سخت تنقید کی ہے۔ ذرائع سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا ان کی جماعت اس اتحاد کا انتخابات میں بھرپور مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے سوال کیا ایم کیو ایم اور قاف لیگ نے حکومت کو کرپشن روکنے پر مجبورکرلیا۔ ملک کا مفاد عزیز ہوتا تو اتحاد کی شرائط عوام کو بتائی جاتیں۔ احسن اقبال نے کہا کرپٹ اور نااہل حکومت کو دوبارہ سہارا دینے والوں نے ثابت کیا کہ وہ بھی پارٹنرز ان کرائمز ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ان فیصلوں میں شامل نہیں۔ احسن اقبال نے کہا قاف لیگ کی قیادت اپنے رہنما کو این آئی سی ایل کرپشن کیس سے بچانے کیلئے اتحاد میں شامل ہے۔مسلم لیگ نون عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت میں شامل لوگ تنہا ہوگئے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا حکومت میں شامل تمام جماعتوں کے ماسٹرز ایک ہی ہیں انتخابات میں عوام کی مدد سے این آر او ٹولے کا مقابلہ کریں گے۔