لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کرپٹ سیاستدانوں، ججوں اور بیوروکریٹس کا احتساب ہونا چاہیئے۔ عوام آج دوبارہ آمروں کو پسند کرنے لگے ہیں۔ کراچی میں امن کے بغیر ملک میں ترقی اور خوشحالی کا دور شروع نہیں ہو سکتا۔ لاہور میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس”انصاف سب کے لئے، رعایت کسی کو نہیں”سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وکلا ملک بچانے کے لئے میدان میں نکلے تو وہ خود بھی ان کے ساتھ مارچ میں شریک ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک چاروں صوبوں میں امن نہیں ہو گا۔ ملک میں ترقی اور خوشحالی کا دور شروع نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے پاکستانی مقروض قوم کی حیثیت سے زندگی بسر کر رہے ہیں، چند ٹکوں کے عوض معصوم جانوں کا سودا کیا گیا۔ کرپٹ سیاستدانوں، ججوں اور بیوروکریٹس کا احتساب ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آمریت کے بعد جب بھی جمہوریت پھلنے پھولنے لگتی ہے تو اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں لیکن تاریخ گواہ ہے کہ تمام بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے جمہوری ادوار میں ہی مکمل ہوئے۔