سزا یافتہ کرکٹر سلمان بٹ نے تیس ماہ کی جیل کے خلاف اپیل جمع کرا دی ہے۔ سلمان بٹ کو لندن کی عدالت نے تین نومبر کو اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں تیس ماہ کی سزا دی گئی تھی۔ محمد آصف کو ایک سال کی سزا ہوئی جبکہ محمدعامر کو چھ ماہ کیلئے اصلاحی مرکز بھیجا گیا۔ سلمان بٹ کے انتہائی قریبی ذرائع کے مطابق سابق کپتان نے ضروری کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سزا کے خلاف اپیل جمع کرادی ہے اور اب وہ سماعت شروع ہونے کے منتظر ہیں۔ ذرائع نے کہاکہ سلمان بٹ اپنے اہل خانہ خصوصا نومولود بیٹے سے ملنے کے لئے بے چین ہیں اور توقع ہے کہ جلد ہی خاندان کے افرادسے ان کی ملاقات ہو گی۔ انہوں نے وینڈز ورتھ سے کسی دوسری کھلی جیل میں منتقل کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔