کریملن کپ ٹینس (جیوڈیسک) سابق عالمی نمبرایک ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی نے کریملن کپ ٹینس ٹائٹل حاصل کرلیا۔ ویانا اوپن مینز ٹائٹل ارجنٹائن کے یوان ڈیل پوٹرو کے نام رہا۔ ماسکو میں جاری کریملن کپ ویمنز ٹینس کے فائنل میں کیرولین وزنیاکی نے آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر کو شکست دی۔
پہلا سیٹ وزنیاکی نے چھ دو سے جیتا۔دوسرے سیٹ میں اسٹوسر نے چار چھ سے کامیابی پائی۔ فیصلہ کن سیٹ میں وزنیاکی سخت مقابلے کے بعد سات پانچ سے فتحیاب ہوئیں۔ وزنیاکی نے سیزن کے دوسرے ٹائٹل کے ساتھ سیزن کی اختتامی ڈبلیوٹی اے چیمپئن شپ میں جگہ بنالی۔
ویانا میں جاری اے ٹی پی ایونٹ فائنل میں یوان ڈیل پوٹرو نے سلواکیہ کے کوالیفائر گریگا زمیلیا کو سات پانچ اور چھ تین سے ہرادیا۔ ڈیل پوٹرو نے سیزن کا تیسرا ٹائٹل جیت کرسیزن کے اختتامی ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔