گلگت : (جیو ڈیسک) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ چلاس میں ہونے والی کشیدگی میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں ہونیوالی کشیدگی کے خاتمے اور حکومت کی جانب سے الزام عائد کرنے کی تحقیقات کیلئے وزیراعلی سید مہدی شاہ، چیف سیکڑیری گلگت بلتستان، صوبائی وزراء اور دیگر حکام نے دیامر کے گرینڈ جرگے سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علما کرام سیاسی رہنما اور دیگر عمائدین علاقہ بھی شریک تھے۔
جرگے میں شریک عمائدین کا کہنا تھا کہ خفیہ ہاتھ گلگت بلتستان کے امن کو سپوتاژ کرانا چاہتا ہے اور بھاشا ڈیم پاک چین دوستی شاہراہ قراقرم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کوختم کرانے کی یہ بین الاقوامی سازش ہے۔ اس موقع پر وزیراعلی سید مہدی شاہ، چیف سیکڑیری سیف اللہ، کمانڈر جرنل اکرام الحق نے سانحہ کوہستان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو محفوظ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔