کوئٹہ : پاکستان میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کوئٹہ میں ایس او ایس ویلیج کیلئے ایک لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا اور بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور امید ظاہر کی کہ ادارہ یتیم اور بے سہارا بچوں کو بہتر مستقبل کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان میں متعین امریکی سفیر نے کوئٹہ میں یتیم بچوں کیلئے بنائے گئے مرکز ایس او ایس ویلیج کا دورہ کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کے لئے بنائے گئے اس مرکز سے میں بے حد متاثر ہوں جہاں بچوں کی بہتر انداز میں رکھوالی کی جارہی ہے انہوں نے ایس او ایس ویلیج کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا جو بہتر انداز میں اس ادارے کو چلا رہے ہیں۔ امریکی سفیر نے ایس اوایس ویلیج میں دو نئے گھروں کی تعمیر کیلئے ایک لاکھ ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیا تقریب سے ایس او ایس ویلج کی چیئرپرسن روشن بروچہ، سیکرٹری بریگیڈیئر عبدالرزاق نے بھی خطاب کیا اور امریکی سفیر کی آمد اور عطیہ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا تقریب کے آکر میں امریکی سفیر نے ایس او ایس ویلیج کا معائنہ کیا اور بچوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی جسے دیکھ کر تقریب کے شرکا اور بچوں نے خوشی کا اظہار کیا۔