کوئٹہ اور اندرون بلوچستان میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں سے تیرہ افراد جاں بحق اور ستائیس زخمی ہو گئے۔ درجنوں کچے مکانات منہدم ہو گئے ،متاثرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبورہیں۔ کوئٹہ میں شام کی بارش نے شہر کو جھیل میں تبدیل کردیا ،خروٹ آباد اور مسلم اتحاد کالونی میں پانچ افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ،ادھر کلی شاہنوازمیں پانی ریلوے ٹریک بہا کر لے گیا۔ کوئٹہ کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ بولان کے علاقے میں بھاگ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور دو بچے جاں بحق ہو گئے۔ مستونگ،قلات، نوشکی، زیارت، خضدار، سبی، جعفرآباد، جھل مگسی اور دیگر علاقوں میں ہزاروں ایکڑ کھڑی فصل تباہ ہوگئی قلات میں مکان کی چھت گرنے سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔