کوئٹہ : (جیو ڈیسک) کوئٹہ میں دہشت گردی کی ہولناک کارروائی میں ایران سے آنے والی زائرین کی بس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں گیارہ مسافر جاں بحق اور تیس سے زائد زخمی ہوگئے ۔ کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں دہشت گردوں نے ایران سے آنے والی زائرین کی بس کو نشانہ بنایا ۔ بس میں چالیس سے پچاس کے قریب مسافر سوار تھے جو ایران میں مقدس مقامات کی زیارت کے بعد واپس کوئٹہ اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے مغربی بائی پاس پر بس کو نشانہ بنایا دھماکا اتنا شدید اور ہولناک تھا کہ بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی انسانی اعضا بکھر گئے۔
سی سی پی او کوئٹہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ دھماکا خیز مواد سے لدی کسی گاڑی کے ذریعے بس کو نشانہ بنایا گیا ہے زائرین کی بس کی حفاظت کے لیے پولیس موبائل بھی ساتھ تھی جس میں سوار ایک اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس ایف سی اور رضاکاروں کی ٹییمیں پہنچ گئیں۔ مرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں لاشیں اور زخمی بولان میڈیکل اسپتال منتقل کیے گئے جہاں بیشتر کی حالت نازک ہے ۔
اس سے پہلے کوئٹہ کے نواحی علاقے قمبرانی میں نجی بینک سے کیش لے کر آنے والی وین پر دہشت گردوں نے راکٹ سے حملہ کیا جس سے گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔