کوئٹہ(جیوڈیسک)کوئٹہ کے علاقے فیض آباد میں ایک گاڑی میں موجود میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے چار افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کی مشہور سریاب روڈ پر واقع علاقے فیض آباد میں ایک گھر کے اندر کھڑی گاڑی میں موجود دھماکہ خیز مواد اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے سے گھر کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا ایک بڑا حصہ منہدم ہو گیا جبکہ قریب کھڑی تین گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے متعدد گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ قریب میں میں واقع تین گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں دو خواتین اور دو بچوں کی حالت تشویش ناک تھی۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔