کوئٹہ (جیوڈیسک) ایف سی اہلکاروں نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا ایک اور بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، قمبرانی روڈ پر مشتبہ گاڑی میں دھماکے سے ایک دہشت گرد ہلاک پانچ سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔کار میں سوار شخص کوئٹہ میں دہشت گردی کی بڑی واردات کے لئے جا رہا تھا کہ شریف آباد چوکی کے قریب سکیورٹی اہلکاروں نے مشتبہ کار کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے گاڑی بھگا دی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے تعاقب کر کے کار کو گھیرے میں لے لیا جس پر کار سوار نے فائر کھول دیا۔
سکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی تو کار سوار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے پانچ سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنائی دی اور گاڑی کے پرزے اور انسانی اعضا دور دور تک بکھر گئے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ دھماکے کی جگہ سے ملنے والی دہشت گرد کی لاش کو سکیورٹی فورسز نے تحویل میں لے لیا۔ تباہ شدہ گاڑی کے قریب سے ہینڈ گرنیڈ بھی ملے ہیں۔ 5سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جان کی قربانی دے کر کوئٹہ شہر کو بڑی خونریزی سے بچا لیا۔