کوئٹہ میں ڈاکٹر مزار بلوچ کے قتل کے خلا ف صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال آج ساتویں روز بھی جاری ہے۔ ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند ہونے سے ہزاروں مریضوں کو بدستور مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر اور آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر مزار خان بلوچ چودہ اکتوبر کو کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی اور بعدازاں کراچی میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ واقعے کے خلاف پی ایم اے اور بلوچ ڈاکٹر ز فورم کی کال پر کوئٹہ کے سول ہسپتال، بی ایم سی اور فاطمہ جناح ہسپتال سمیت صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز آج ساتویں روز بھی بند ہیں ۔ پی ایم اے نے ڈاکٹر مزار خان کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کو وسعت دینے کا عندیہ دیا ہے۔