کولکتہ (جیوڈیسک) کولکتہ میں آج صبح ہلکی بارش ہوئی ہے جس سے پاک بھارت ون ڈے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ چنائی میں فتح کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے کولکتہ میں جیت کی روایت برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ بھارتی کپتان دھونی نے سیریز میں کم بیک کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ چنائی میں چھ وکٹوں سے فتح کے بعد ایک اور جیت کا عزم لئے پاکستان کرکٹ ٹیم آج کول کتہ کے تاریخی گراؤنڈ ایڈن گارڈنز میں روایتی حریف بھارت کے مدمقابل آئیگی۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ ہار جیت کی پرواہ کئے بغیر اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے ٹیم نے پہلے ون ڈے میں مثبت کرکٹ کھیلی اور میچ میں کامیابی حاصل کی، ایڈن گارڈنز میں بھی فتح کے لئے پرعزم ہیں۔
بھارتی کپتان دھونی نے ون ڈے سیریز میں کم بیک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ٹیم چنائی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں کی گئی غلطیوں کو نہیں دہرائیگی۔ ایڈن گارڈنز میں بھارت کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ شاندار ہے۔ پاکستان نے یہاں میزبان ٹیم کے خلاف تین میچ کھیلے ہیں اور تینوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان نے مجموعی طور پر ایڈن گارڈنز میں پانچ میچ کھیلے ہیں جن میں سے چار جیتے اور ایک ہارا ہے۔ بھارت اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں محدود اوورز کی کرکٹ میں ایک سو بائیس مرتبہ مدمقابل آئی ہیں۔ پاکستان نے ستر اور بھارت نے اڑتالیس میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ چار میچز کا نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے۔