سفیر پاکستان احمد نواز میلہ اوریوکرائن کے مسٹر والڈی مائر بینٹروف نے معاہدے پر دستخط کئے
Mr. Nawaz Saleem Shaking hands with Mr. Volodymyr Bandurov
یو کرائن(APNAانٹرنیشنل/انجم بلو چستانی)کیوف بیورو کے مطابق گزشتہ دنوںیوکرائن کے دارالحکومت کیوف میںپاکستان اور یوکرائن نے مشترکہ کمیشن برائے معاشی تعاون کے قیام کے معاہدہ پر دستخط کر دئے۔ معاہدہ پر دستخطوں کی تقریب وزارت برائے معاشی ترقی و تجارت میںہوئی۔ یوکرائن میں پاکستان کے سفیر احمد نواز میلہ نے حکومت ِ پاکستان کی طرف سے جبکہ یوکرائن کے ڈپٹی وزیر برائے معاشی ترقی و تجارت مسٹر والڈی مائر بینٹروف نے اپنی حکومت کی طرف سے معاہدے پر دستخط کئے۔
مشترکہ کمیشن برائے معاشی تعاون کا قیام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔ پاکستان کے سفیر نے اِس موقع پر کہا کہ” اس معاہدہ سے تجارت، سرمایہ کاری، خوراک وزراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی اور باہمی تعاون میں اضافہ ہو گا۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی معاملات میں معلومات کے تبادلے کی بنیاد فراہم کرتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔
گزشتہ چند سالوں سے پاکستان کے یوکرائن کے ساتھ تعلقات میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔ اس سلسلہ میں جون 2011ء میں دوہرے ٹیکس سے بچنے کا معاہدہ اور اپریل 2012ء میں تجارتی و معاشی تعاون کا معاہدہ خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ گزشتہ دو سالوں میں اعلی سطح کے کاروباری وفود کے تبادلوں سے بھی ان تعلقات کو آگے بڑھنے میں خاصی مدد ملی ہے۔ پاکستان یوکرائن بزنس کونسل کا دونوں ممالک کے چیمبرز برائے تجارت و انڈسٹری میں قیام بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ مشترکہ کمیشن کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات میں اضافہ اور پاکستان کے مختلف معاشی شعبوں میں یو کرائن کی سرمایہ کاری کا امکان ہے،جو پاکستان کیلئے ایک اچھی خبر ہے۔”