ایف بی آر(جیوڈیسک) ایف بی آر نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت ہر گاڑی پر خصوصی شناختی نمبر لگایا جائے گا، جو ون نمبر کہلائے گا۔
ایف بی آر کے مطابق سینٹرل ڈیٹا بیس رجسٹریشن سرور قائم کرنے کے لئے قانون سازی کی جائے گی اور موٹر رجسٹریشن اتھارٹیز کو بھی مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک کیا جائے گا۔ بیرون ملک سے درآمد یا مقامی تیار ہونے والی گاڑی کو ون نمبر پلیٹ جاری ہوگی گاڑی پر ون نمبر کے ساتھ خصوصی بار کوڈ والی سڑپ لگائی جائے گی۔ چاروں صوبوں میں رجسٹریشن اتھارٹیز ون نمبر کے مطابق گاڑی رجسٹرڈ کریں گی جس سے ون نمبر جاری ہونے کے بعد دوسری بار وہی نمبر استعمال نہیں ہو سکے گا۔
ذرائع کے مطابق جس گاڑی پر ون نمبر نہیں ہوگا وہ غیر قانونی شمار ہوگی اور ون نمبر کے بغیر گاڑی مالکان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ غیر سرکاری نمبر پلیٹ یا خصوصی مارکس والی نمبر پلیٹس کا استعمال مجرمانہ اقدام ہوگا پرانی گاڑیوں کو ون نمبر لگوانے کے لئے محدود مدت کی اسکیم شروع کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے ایک لاکھ 10 ہزار سے زیادہ سوزوکی گاڑیوں کے چیسز نمبر ایک جیسے ہونے کا انکشاف ہوا جبکہ اسمگل شدہ گاڑیاں تحویل میں لے کر ون نمبر کے ساتھ نیلام کی جائیں گی۔ ون نمبر لگانے کے لئے جدید ترین مشینیں بیرون ملک سے منگوائی جائیں گی، ایک مشین کی مالیت 8 ہزار ڈالر تک ہو گی۔