گجرات کی خبریں(جی پی آئی) 31-01-2013
Posted on February 1, 2013 By Majid Khan گجرات
خسرہ خطرناک بیماری ہے جس سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے:نوازش علی ڈی سی او
گجرات(جی پی آئی)ڈی سی او نوازش علی نے کہا ہے کہ خسرہ خطرناک بیماری ہے جس سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ بچوں کو اس وبا سے محفوظ رکھنے لے لئے محکمہ صحت کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ خسرے سے متاثرہ بچوں کی ویکسنیشن اور صحت مند بچوں کو اس مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے پوری انتظامی مشنری کو متحر ک کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسلز کے سیکرٹریز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر خالد فیاض نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدر ی محمد نواز، ڈی او سی او محمود گوندل، ڈی او سوشل ویلفیئر محمد ارشداور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈی سی او نے کہا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں خسرے سے متاثرہ بچوں کے علاج کے چوبیس بستروں پر مشتمل الگ وارڈ قائم کر دیا گیا ہے جہاں علاج اور تشخیص کی تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اسی طرح تمام تحصیل ہسپتالوں ، رورل اور دیہی ہسپتالوں میں بھی علاج اور ویکسینیشن کی سہولت موجود ہے۔ڈی سی او نے کہا کہ سیکرٹر ی یونین کونسل پر بنیادی ترین سطح پر انتظامی مشنری کے رکن کی حیثیت سے اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وہ اپنے علاقوں کادورہ کر کے اور دیگر ذرایع سے اپنے ارد گرد کڑی نظر رکھیں اور اگر کسی علاقے میں خسرے کے مرض کا شکار کسی بچے کا علم ہو تو اس کے بارے میں محکمہ صحت اور انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے تاکہ اسکا فوری علاج کرایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کسی علاقے میں خسرے کا مریض بچہ ہوگا تو اسکے گھر کے ارد گرد 40گھروں میں رہائش پذیر 6ماہ سے 10سال کے بچوں کی چوبیس گھنٹے میں خسرے سے بچائو کی ویکسینیشن کر ائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری یونین کونسلز ایسے کسی بچے کی رجسٹریشن نہ کریں جس کے والدین کے پاس بچے کو حفاظتی ٹیکوں کے کورس کا کارڈ نہ ہواور ایسے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے کے لئے والدین کو قائل کیا جائے۔قبل ازیں ڈاکٹر خالد فیاض نے شرکاء کو خسرے کے پھیلائو کی وجوہات اور علامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ خسرے سے متاثرہ بچوں کے بارے معلومات کی فراہمی کے لئے ڈی او ہیلتھ کے دفتر میں ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے جسکا ٹال فری نمبر080012012ہے اور یہ نمبر چوبیس گھنٹے کھلا رہے گا اس کے علاوہ فون نمبر 0539260112پر بھی اطلاع دی جاسکتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
YDAگجرات کے وفد نے اسلامک سنٹر کا دورہ کیا
گجرات(جی پی آئی)YDAٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰٰ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گجرات کے وفد کی ڈاکٹر مسعود افضل کی قیادت میںجماعت اسلامی گجرات کے امیر ضلع ڈاکٹر سید احسان اللہ اور نائب امیر ضلع ڈاکٹر طارق سلیم سے اسلامک سنٹر میں تفصیلی ملاقات ۔ینگ ڈاکٹر ز کے خلاف بے سروپا الزامات لگا کر ان پر عرصہ حیات تنگ کرنے کی وزیر اعلیٰ پنجاب اور بیورو کریسی کی سازشوں کی مذمت کی گئی ۔جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے ڈاکٹر ز کے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات جائز ہیں۔ہم بھر پور انداز میں حمایت کرتے ہیں۔مریضوں کی ویلفیئر اور سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے جس پیکج کا آپ مطالبہ کر رہے ہیں وہ درست ہے۔حکمران بھی بڑے پن کا ثبوت دیں۔ضد،انااور ہٹ دھرمی ترک کر کے اخلاصِ نیت سے مسلہ حل کرائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گرلز پرائمری سکول دھنی اورانگلش میڈیم ماڈل سکول نمبر2کھاریاں کو اپ گریڈ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے:حلقہ تعلقاتی گروپ
گجرات(جی پی آئی گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول دھنی اورانگلش میڈیم ماڈل سکول نمبر2کھاریاں کو اپ گریڈ کرنا وقت اوراہلیان علاقہ کی اہم ضرورت ہے،حلقہ تعلقاتی گروپ ۔تفصیلات کے مطابق متعلقہ افسران کو حلقہ تعلقاتی گروپ کی طرف سے بارہا درخواستیں دینے کے باوجودگورنمنٹ پرائمری سکول دھنی اورانگلش میڈیم نمبر2کھاریاں کواپ گریڈ کرنے کا تاحال کوئی موثرحل نہیں نکالا گیا۔گورنمنٹ پرائمری سکول دھنی میں بچیوں کی تعداد213ہے اور 8کمرے ہیں۔ اساتذہ بھی موجودہیں مطلب وہاں تمام سہولیات میسر ہیں صرف اسے اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بچیاں اپنے ہی علاقے میں مزیدتعلیم جاری رکھ سکیں اورانہیں دورکے علاقوں میں نہ جانا پڑے۔حلقہ تعلقاتی گروپ NA107کے متحرک شہریوںکامنظم گروپ ہے جو حلقے کے اجتماعی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کے حل کے لئے متعلقہ افسران ،اداروں اورمنتخب نمائندگان سے مسلسل وموثررابطے میں رہتا ہے۔حلقہ تعلقاتی گروپ نے متعلقہ افسران کی توجہ اس مسئلہ کی جانب مبذول کرواتے ہوئے اپیل کی ہے کہ اس اہم مسئلے کے حل کے لئے ممکنہ عملی اقدام کیے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری میاں خاں برسہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے ختم قل کی محفل منعقد ہوئی
گجرات(جی پی آئی )ممتاز سیاسی و کاروباری شخصیت چوہدری افتخار احمد برسہ ،چوہدری نثار احمد برسہ ،چوہدری انصر اقبال برسہ ،چوہدری ناصراقبال برسہ، چوہدری ذوالفقار علی برسہ، چوہدری آصف جاوید برسہ کے ماموں جان ، چوہدری مشتاق احمد برسہ،حاجی محمد اشرف برسہ کے بھائی اور چوہدری عمران برسہ،چوہدری عرفان ،چوہدری اصغر،چوہدری ظفرکے والد محترم چوہدری میاں خاں برسہ ،جو کہ گذشتہ روز انتقال کر گئے تھے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے ختم قل جامع مسجد برسہ خورد میں پڑھا گیا ممتاز عالم دین حافظ محمد رمضان نے فلسفہ موت و حیات بیان کیا اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ختم کی قل کی محفل میں شرکت کرنے والوں میں چوہدری عتیق الزمان ڈوگہ ایڈووکیٹ، صاحبزادہ سید آصف حسین گیلانی ، صاحبزادہ سید وقاص حسین شاہ گیلا نی آستانہ عالیہ سوک کلاں شریف ،چوہدری سجاد اکرم ایڈووکیٹ سابق ناظم ،حاجی جاوید اختر ایڈووکیٹ، چوہدری نوشیرواں اخترسابق ناظم کوٹلہ قاسم خاں ، چوہدری مظہر اقبال فتح پور،چوہدری محمد اشرف دیونہ، چوہدری مشتاق مکیانہ ، چوہدری محمد الیاس مرالہ ، پیر نذیر احمد پکھوال ، چوہدری اظہر بانیاں ، میاں محمد ارشدڈالی بانٹھ ،چوہدری امانت علی بامتہ ، چوہدری عطا ء الٰہی بامتہ ، چوہدری طالب حسین مہسیاں ،چوہدری محمد اقبال نمبردار دتیوال ، منظور حسین دیتوال سینئر نائب صدر پی پی پی تحصیل گجرات،چوہدری تنویر احمد ، چوہدری مظفر حسین دیتوال ،چوہدری محمد اصغر دیتوال ،چوہدری محمد اختر خانووال،چوہدری سکندر رزاق برسہ ، چوہدری زبیر الحسن برسہ ،ڈاکٹر عبدالرزاق بلیسر،ناصر علی برسہ ،نعمان ناصر برسہ،چوہدری محمد زمان پسوال ڈوگہ ،حاجی محمد اسلم بانٹھ ،حاجی محمد اصغر مکیانہ ، چوہدری محمد سلیم مہر دیتوال ،چوہدری عابد علی دولت نگر، چوہدری اعجاز حسین پیارا،چوہدری منیر فتح پور،چوہدری ذوالفقار احمد ، ٹھیکیدار سجاد احمد،چوہدری ثناء اللہ ڈوگہ ،DCمحمد اکرم سانوال و دیگر نے شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری میاں خاں برسہ کی وفات پر ممتاز شخصیات کا اظہار تعزیت
گجرات(جی پی آئی)چوہدری عمران برسہ کے والد محترم چوہدری میاں خاں برسہ کی وفات پر صاحبزادہ سید آصف حسین گیلانی ،صاحبزادہ سید وقاص حسین شاہ گیلانی آستانہ عالیہ سوک کلاں شریف ،چوہدری سکندر رزاق برسہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے دعا کی ہے کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے مرحوم بہت اعلیٰ صفات کے مالک تھے اور کی وفات سے پید ا ہونے والے خلا کبھی پر نہ ہوسکے گا اللہ تعالیٰ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب عطا فرمائے (آمین)۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ ق وفاق کی نمائندہ جماعت ہے :چوہدری رفاقت علی پرنس
گجرات(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق وفاق کی نمائندہ جماعت ہے ۔چوہدری برادران ضلع گجرات کی تعمیروترقی کی پہچان گجرات کی شان اور مملکت خداداد پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔چوہدری برادران نے ہمیشہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں سیاست کی ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار چوہدری برادران کے رفیق خاص سابقہ ناظم یوسی فتح پور چوہدری رفاقت علی پرنس سر پرست اعلیٰ آرائیں موومنٹ ضلع گجرات نے میڈیا کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کی ۔انہوںنے کہا کہ چوہدری برادران خصوصاََ چوہدری وجاہت حسین کو شکست دینے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔چوہدری وجاہت حسین نے حلقہ این اے104میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز لگا کر حلقہ کی تقدیر بدل دی ہے ۔خصوصاََ تمام دیہات میں سوئی گیس فراہم کر کے اہلیان حلقہ کے دل جیت لیے ہیں ۔چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے وزارت اعلیٰ میں میگا پراجیکٹ مکمل کرائے ۔جن میں خصوصی طور پر گجرات یونیورسٹی ضلع گجرات کی عوام کیلئے احسان عظیم سے کم نہیں ،1122ریسکیو کا فلاحی منصوبہ جس سے سینکڑوں کی تعداد میںعوام روزانہ کی بنیاد پر استفادہ کرتے ہیں ۔چوہدری پرویز الٰہی ہی کا قوم کو دیا ہوا ایک تحفہ ہے ۔چوہدری شجاعت حسین کی سیاسی بصیرت کے اپنے تو کیا مخالف بھی معترف ہیں ۔ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ کو انہوں نے دوراندیشی اور مذاکرات کے ذریعے ختم کروایا اور اس طرح قوم کے اندر ہیجان برپا تھا وہ ریلیز ہوا ۔چوہدری ظہور الٰہی شہید کے عوامی خدمت کے مشن کو انشاء چوہدری برادران کی قیادت میں جاری وساری رکھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بزم حق باہو شادیوال کے زیر اہتمام بسلسلہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی گئی
گجرات(جی پی آئی)بزم حق باہو شادیوال کے زیر اہتمام بسلسلہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی گئی جس کا آغاز باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا بعد ازاں ہدیہ عقیدت سید رضوان شاہ نے پیش کیا جس کی صدارت صدر اصلاحی جماعت قلب عباس سرور ی قادری سلطانی نے کی خصوصی خطاب خادم فقراء تنویر حسین اصلاحی جماعت گجرات نے کیا انہوں نے میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے لے کر معراج مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے روحانی بیان کیا محفل کے اختتام پر دورودو سلام پیش کیا گیا بزم حق باہو محفل میلاد عظیم الشان پروگرام صدر اصلاحی جماعت شادیوال آصف سلیم کی رہائش گاہ محلہ اچھرکے میں منعقد ہوا۔ اس پر وقار محفل میں ڈاکٹر ذوالفقار سندھو ، جنرل سیکرٹری بزم حق باہو شادیوال ، جہانگزیب میانی لوکڑی ، مظفر اقبال ڈارآف ترکھا، یاسر ندیم آف ترکھا ، نعیم اختر ترکھا، سعید احمد آف گولیکی،غلام عباس گورائیہ،چوہدری نعیم عباس ، اس کے علاوہ غلامان باہو رحمتہ اللہ علیہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی محفل کے اختتام پر بہترین اور وسیع پیمانے پر لنگر کا اہتمام کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی کو ایک اور دھچکا ڈار برادری نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی
شادیول (جی پی آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کو ایک اور بڑا دھچکا شادیوال میں ڈار برادری نے اپنے تمام ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے شادیوال کی ڈار برادری نے پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنما چوہدری مبشر حسین کی حمایت کا اعلان کر دیا اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما چوہدری مبشر حسین ،چوہدری افتخار سماں ، پاکستان تحریک انصاف شادیوال کے آرگنائزر چوہدری عبدالجبار وڑائچ ، لالہ مناظرعرف ماجی ، سید نقی شاہ ، سجاد حیدر مہربھی موجود تھے تحریک انصاف میں شمولیت کرنیوالوں میں جاوید احمد ڈارمرحوم کے بیٹے وقاص ڈارعرف وکی ، عقیل ڈار، بلال عرف مون ،محمد اصغر ڈار، عدنان بٹ، خوشی محمد،اظہر محمدشامل تھے اس موقع پر وقاص ڈار عرف وکی اور عقیل ڈار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پیپلزپارٹی کے موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے پیپلزپارٹی نے نہ صرف عوام کو بحرانوں میں دھکیل دیا ہے اور تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے پیپلزپارٹی نے اپنے ویژن کے الٹ کام کیا ہے انہوں نے اپنے ہی نعرے کو خود ہی غلط ثابت کر دیا ہے روٹی کپڑا اور مکان اب یہ تمام اشیاء غریب عوام الناس کی پہنچ سے دور ہو تی جا رہی ہیں اور انہوں نے نہ صرف ملک کو بجلی ، گیس ، اور لوڈ شیڈنگ کے مسائل میں لا کھڑا کیا بلکہ مہنگائی اور بیروز گاری میں مزید اضافہ کر کے اپنے حمایتوں کو خود سے دور کر دیا ہے اس موقع پر شادیوال تحریک انصاف کے رہنما چوہدری عبدالجبار وڑائچ ،سید نقی شاہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہم شادیوال میں ڈار برادری کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں اور وعدہ کرتے ہیں کہ اُن کے ہر دکھ درد میں برابر کے شریک ہونگے انہوںنے کہا کہ ہم کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروایں گے انشاء اللہ تعالیٰ ہم شادیوال میں یہ ثابت کرینگے کہ شادیوال پاکستان تحریک انصاف کا مضبوط قلعہ ہے اور یہاں سے تحریک انصاف کو بہت بڑی لیڈ سے کامیاب کروائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جی ٹی روڈ کالج اور زمیندارہ کالج کے طلباء نے داخلہ نہ جانے پر دوسری مرتبہ احتجاجی مظاہرہ کیا
گجرات( جی پی آئی)گجرات جی ٹی روڈ سائنس کالج اور زمیندارہ کالج ڈگری کالج کے طلباء نے کالج انتظامیہ کی جانب سے داخلے بھجوانے کی یقین دہانی کے باوجود داخلے نہ بھجوانے پر دونوں کالجوں کے طلباء نے دوسری مرتبہ احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے جی ٹی روڈ اور بھمبر روڈ بلاک کردی گزشتہ روز دونوں کالجز کے سینکڑوں طلباء نے داخلے نہ بھجوانے پر کالج کی انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں کو بند کردیا جس سے ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں طلباء کا کہنا ہے کہ جب تک ہمارے داخلے نہیں بھجوائے جائیں گے احتجاج جار ی رہے گا انہوں نے کہاکہ ایک ہفتہ قبل بھی احتجاج کیا گیا جس پر کالجوں کی انتظامیہ نے دا خلے بھیجنے کی یقین دہانی کروائی لیکن اس کے باوجود داخلے نہیں بھجوائے جا رہے جس سے ہمارا قیمتی سال ضائع ہورہا ہے احتجاج کی اطلاع ملتے ہی مقامی ںپولیس پہنچ گئی اور طلبا ء سے مزاکرات کئے جبکہ ڈی سی او گجرات نوازش علی کی یقین دہانی پر طلباء نے احتجاج ختم کر دیا۔
۔۔۔۔
حکومت نے جاتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو مزید مہنگائی کی چکی میں پھینک دیا ہے:سلیم سرور جوڑا
گجرات( جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف گجرات کے رہنماء سلیم سرور جوڑا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے جاتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو مزید مہنگائی کی چکی میں پھینک دیا ہے موجودہ حکمرانوں نے عوام کو پانچ سال میں مہنگائی ‘بیروزگاری اور بد امنی کے علاوہ کچھ نہیں دیا ‘اس لئے عوام اب ان سیاسی جماعتوں کو کبھی اسمبلی میں لیکر نہیں آئینگی ‘انہوں نے کہاکہ الیکشن کا التواء چاہنے والوں کو بری طرح ناکامی ہوگی ملک میں تبدیلی صرف عمران خان ہی لائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
ضلع کے 22تھانوں میں جنوری کے مہینہ میں دو سو سے زائد مقدمات درج کرلئے گئے
گجرات( جی پی آئی)ضلع گجرات کے 22تھانوں میں جنوری کے مہینہ میں دو سو سے زائد مقدمات درج کرلئے گئے ان مقدمات میں قتل ‘اقدام قتل ‘ڈکیتی ‘چوری راہزنی ‘اغواء برائے تاوان کے مقدمات شامل ہیںجنوری میں سب سے زیادہ مقدمات تھانہ کنجاہ میں 60درج ہوئے جبکہ تھانہ سول لائن گجرات میں 50’تھانہ ڈنگہ 40’تھانہ سٹی سرائے عالمگیر میں 35’تھانہ صدر جلالپورجٹاں میں 32’تھانہ صدر سرائے عالمگیر میں 21’تھانہ رحمانیہ میں 15’تھانہ دولت نگر میں 18’تھانہ بی ڈویژن میں 13’تھانہ بولانی میں 12کے قریب مقدمات درج ہوئے۔
۔۔۔
یوکرائن پاکستان کوانرجی مشکلات سے فوری طور پر نکالنے کو تیار ہے:میلوڈی میئر لیکومور
گجرات (جی پی آئی)پاکستا ن میں یوکرائن کے سفیر میلوڈی میئر لیکو مور نے کہا ہے کہ یوکرائن پاکستان کوانرجی مشکلات سے فوری طور پر نکالنے کو تیار ہے اور اس کیلئے پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں دریائوں ‘چشموں پر میڈیم سائز کے پراجیکٹ ہائیڈل پاور پلانٹس لگائے جائینگے جس سے پاکستان میں فوری اور سستی بجلی مہیاہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہاکہ یوکرائن اور پاکستان کے درمیان سالانہ 385.7ملین ڈالر تجارت ہورہی ہے یوکرائن کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء وطالبات یوکرائن میں میڈیکل انجینئر نگ کے علاوہ دیگر شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستانی کینو ‘آم اور چاول کی یوکرائن میں کافی ڈیمانڈ ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان اوریوکرائن کے درمیان بہترین سیاسی ‘معاشی تعلقات ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھیس بدل کر اپنی دوست کو ملنے آنے والا نوجوان پکڑا گیا
گجرات (جی پی آئی)گجرات میں ریلوے روڈ پر واقع خواتین کے کالج میں بھیس بدل کر اپنی دوست کو ملنے والا نوجوان لڑکا رنگے ہاتھوں پکڑا گیا کالج کے عملہ نے پٹائی کرنے کے بعد نوجوان کو پرنسپل کے حوالے کردیا بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز ریلوے روڈ پر واقع گورنمنٹ سرسید ڈگری کالج برائے خواتین میں مینا بازار کے موقع پر ایک نوجوان اسفند ولد محمد طارق سکنہ فیض آباد نے کالج میں اپنے دوست کو ملنے کیلئے اپنا بھیس بدل کر برقعہ پہن کر ملنے کیلئے گیا تو ملاقات کے دوران کالج کی لڑکیوں اور عملہ نے اسے موقع پر پکڑ کر ٹھکائی کردی اور اس کو کالج کی پرنسپل قاری پروین بٹ کے حوالے کردیا گیا جس کو بعدازاں پرنسپل نے علاقہ کے با اثر افراد کے کہنے پر چھوڑ دیا گیا اس واقع کے بعد کالج کی طالبات میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
۔۔۔
حاجی بشیر وریاء کا ختم قل آج پڑھا جائیگا
گجرات( جی پی آئی ) ممتاز مسلم لیگی رہنماء چوہدری یوسف ساروچک کے کزن حاجی بشیر وریا ء کے ختم قل آج مورخہ یکم فروری 2013 کو ان کے آبائی گائوں سارو چک میں پڑھا جائیگا دوست احباب سے شرکت کی استدعا کی گئی ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com