گجرات کی خبریں 3.02.2013

تعلیم میں انویسٹ کرنا پاکستان کے مستقبل میں انویسٹ کرنا ہے: چودھری پرویزالٰہی
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنماو نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تعلیم میں انویسٹ کرنے کا مطلب پاکستان کے مستقبل میں انویسٹ کرنا ہے، جو بھی حکومت تعلیم میں انویسٹ نہیں کرتی وہ پاکستان کا مستقبل روشن نہیں دیکھنا چاہتی، پنجاب میں ہم نے غریبوں کیلئے تعلیم عام کرنے اور تعلیمی معیار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی، گداگر اور سپیشل بچوں کو بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے خصوصی ادارے بنائے، دل کھول کر سہولتیں اور وظائف دئیے۔ وہ گجرات میں پاکستان مسلم لیگ کے رہنمائوں و کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے کہا کہ جعلی ڈگری ہولڈروں کی شکست آسمان پر لکھی ہے ان کے سرپرست حکمران پنجاب میں تعلیم کے فروغ کیلئے چودھری پرویزالٰہی کے اقدامات کے دشمن ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے تالیوں کی گونج میں بتایا کہ پنجاب میں ان کی وزارتِ اعلیٰ کے 5 سال کے دوران کیے گئے تعلیمی شعبہ میں اصلاحات اور ”پڑھا لکھا پنجاب پروگرام” کے تحت اقدامات کی نہ صرف عالمی مدبرین بلکہ بین الاقوامی اداروں نے دل کھول کر تحسین کی۔ انہوں نے بتایا کہ مفت تعلیم، مفت کتابوں، دیگر سہولتوں اور طالبات کیلئے وظائف کی فراہمی سے ہمارے دور میں شرح خواندگی میں 32 فیصد اور پرائمری سطح پر شرح داخلہ میں 155 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، خصوصی اور غیر رسمی تعلیم سمیت شعبہ تعلیم کے سالانہ بجٹ میں 55 فیصد اضافہ کیا گیا، 50 ہزار نئے اساتذہ بھرتی کرنے کے علاوہ ان کی تنخواہیں اور مراعات میں سو فیصد اضافہ کیا گیا، راولپنڈی میں ملک کی پہلی خواتین یونیورسٹی، لاہور میں پہلی ویٹرنری یونیورسٹی اور سرکاری شعبہ میں 2 میڈیکل یونیورسٹیوں سمیت صوبہ میں 18 نئی یونیورسٹیاں قائم کی گئیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے خصوصی اور گداگر بچوں کیلئے خصوصی تعلیمی اصلاحات کے بارے میں بتایا کہ خصوصی تعلیم کے بجٹ میں 200 فیصد اضافہ کیا گیا، بہاولپور اور لاہور میں ان کیلئے صوبہ کے پہلے ڈگری کالجوں کے علاوہ تعلیم و تربیت کے 119 ادارے قائم
کیے گئے، خصوصی تعلیم کے سرکاری اداروں میں مفت پک اینڈ ڈراپ کی سہولتیں، ماہانہ وظیفہ، روزانہ مفت دودھ، مفت کتب، وہیل چیئرز، بریل کتب، مصنوعی اعضاء اور آلاتِ سماعت کے علاوہ خصوصی تعلیم کے نجی اداروں کو بھرپور حکومتی امداد فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام سکولوں و کالجوں میں آئی ٹی لیبارٹریز قائم کرنے کے علاوہ لاکھوں اساتذہ کی قومی و بین الاقوامی اداروں کے تحت جدید خطوط پر تربیت کا اہتمام کیا گیا، صوبہ کے تقریباً 64ہزار سکولوں میں مسنگ سہولتوں کی فراہمی پر 20 ارب روپے خرچ کیے گئے، جرمن و سویڈن کے تعاون سے 2 نئی پولی ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے قیام کی منظوری دی گئی اور پنجاب میں 24 نئے گورنمنٹ ٹیکنیکل سنٹر قائم کیے گئے۔ میاں عمران مسعود سابق وزیر تعلیم نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ڈگری ہولڈروں کی آئندہ انتخابات میں شکست اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آسمان پر لکھی جا چکی ہے، ان کے کرتوت عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ڈگری ہولڈروں کی سرپرستی کرنے والے تعلیم کے دشمن ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پنجاب میں تعلیم کے فروغ کیلئے کیے گئے چودھری پرویزالٰہی کے اقدامات کو ختم کر دیا۔ اجتماع سے خطاب کرنے والوں میں ذوالفقار پپن، وسیم خالد چن، محمد فیاض، ممتاز احمد، نجیب اشرف چیمہ، عمران وڑائچ، علی ابرار جوڑا، ملک عامر، غلام مرتضیٰ، اکبر حیات جوڑا، ڈاکٹر ارشد، چودھری ذکاء اللہ ڈھلوں، چودھری اجمل حسین، احسان بھٹی، مرزا محمد صدیق اور قاضی احسان بھی شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی کے سینئر نائب صدر اور ان کے بہنوئی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی
گجرات (جی پی آئی) ڈکیتی کی واردات کے دوران مذاحمت کرنے پر پیپلزپارٹی کے سینئر نائب صدر اور ان کے بہنوئی کو ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی تحصیل گجرات کے سینئر نائب صدر چوہدری منظور حسین دیتوال ڈنگہ کے گائوں پنجن شیخ شہانہ میں اپنے بہنوئی چوہدری محمد نواز کے گھر گئے ہوئے تھے جہاں پر صبح سویرے نا معلوم مسلح ڈاکو گھر میں گھس آئے اور ڈاکوئوں نے انہیں اور دیگر اہل خانہ کر یرغمال بنا کرلوٹ مار شروع کردی اسی دوران چوہدری منظور اور ان کے بہنوئی محمد نواز نے ڈاکوئوں کے ساتھ مذاحمت شروع کردی جس پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے انہیں زخمی کردیا اور فرار ہوگے زخمیوںکو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ڈنگہ پولیس مصروف تفتیش ہے جبکہ دوسری طرف پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر خزانہ پنجاب چوہدری تنویر اشرف کائرہ اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنمائوں نے عزیز بھٹی ہسپتال میں پیپلزپارٹی تحصیل گجرات کے سینئر نائب صدر چوہدری منظور حسین دیتوال اور ان کے بہنوئی محمد نواز کی عیادت کی اور مقامی پولیس ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے فوری ہدایات جاری کیں ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اوورسیز پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں:چودھری محمد اکرم منہاس
گجرات (جی پی آئی) پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل کے مرکزی صدر چودھری محمد اکرم منہاس نے وائس چیئرمین محمد راشد بٹ چودھری شبیر دھامہ چودھری محمد اختر افتخار احمد ناصر محمود بٹ اور پاکستان اوورسیز پاکستان کے چیئرمین چودھری محمد ندیم گجر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو ایک طرف ملک میں قیمتی زر مبادلہ بھجواتے ہیں تو دوسری طرف پاکستان کے سفیر کا کردار بھی ادا کرتے ہیں افسر شاہی کی غلط پالیسیاں اوورسیز کیلئے عرصہ حیات تنگ کرنے کا سبب بن رہی ہے FIA کے حکام نے کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے بیرون ملک محنت مزدوری کر کے روزی کمانے والے پاکستانیوں کو بلا وجہ تنگ کیا جاتا ہے انسپکٹر FIA رانا شاہد SHO نے محمد اشفاق آف جوڑا کرنانہ کے خلاف مجتبیٰ شاہ کی مدعیت میں جھوٹا مقدمہ درج کیا بعد ازاں یاسر ولد میاں محمد خان سکنہ رندھیر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے جبکہ دونوں نے صاف انکار کیا ہے کہ انہوں نے محمد اشفاق کا نام استعمال نہیں کیا اور نہ ہی انہیں جانتے ہیں اگر FIA حکام اوورسیز کے ساتھ یہی رویہ رہا تو وہ پاکستان آنا چھوڑ دینگے اس موقع پر POAF کے عہدیداران نے واضح کیا کہ ہم نے لاہور ہائیکورٹ میں SHO ایف آئی اے راناشاہد کے خلاف رٹ کر دی ہے اور انصا ف کیلئے جہاں تک ہو سکا دروازے کھٹکھٹائیں گے انہوں نے کہا کہ اوورسیز ایک قوت اور پاور ہیں ہم اس ملک کے ظالمانہ اور غاصبانہ نظام کے خاتمے کیلئے پوری طاقت کا استعمال کرینگے لانگ مارچ اور روڈ بلاک کرنے پڑے تو بھی گریز نہیں کرینگے اس ملک کا نظام سدھارنے کیلئے تن من دھن قربان کر دینگے POAF کے راہنمائوں نے پریس کانفرنس میں کہا FIA گوجرانوالہ کے SHO رانا شاہد حسین کو معطل کیا جائے ایسا بد دیانت اور رشوت طلب کرنے والا شخص اس عہد نے پر کام کرنیکے قابل نہیں ہے اس موقع پر پاکستانی اوورسیز کی بڑی تعداد موجود تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
5 اور 6 فروری کو بشیر ہسپتال میں خواتین کی چھاتی کے کینسر کے سلسلہ میں کیمپ لگایا جائیگا
گجرات (جی پی آئی) ڈیسنٹ ویلفیئر سوسائٹی اور بشیر ہسپتال ریلوے روڈ گجرات کے زیر اہتمام 5 اور 6 فروری بروز منگل بدھ خواتین کی چھاتی کے کینسر کے سلسلہ میں کیمپ بشیر ہسپتال ریلوے روڈ گجرات میں منعقد ہو رہا ہے خواتین میں چھاتی کے کینسر اور گلٹیوں کا مفت چیک اپ اور علاج کیا جائیگا خواتین کے بریسٹ کینسر کا مرض بڑا خطرناک مرض ہے اور پاکستانی تقریباً نویں خاتون اس مرض میں مبتلا ہے 5 اور 6 فروری کو منعقد ہونے والے اس کیمپ میں اس مرض کی ماہر معالج بیرون ملک سے بھی تشریف لائیں گی بشیر ہسپتال ریلوے روڈ گجرات میں خواتین ڈاکٹر سعدیہ فردوس بٹ سے رابطہ کر سکتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ماہ ربیع الاول کے حوالہ سے سیرت کانفرنس منعقد ہوئی
گجرات (جی پی آئی)جماعت اسلامی کے زیر اہتمام گزشتہ روز گجرات میں ماہ ربیع الاول کے حوالہ سے سیرت کانفرنس منعقد ہوئی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماء چوہدری نثار احمد ایڈووکیٹ نے کہاکہ حضور صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے سیرت النبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم اپنا کر ہم اپنے تمام موجودہ مسائل سے چھٹکارا پا سکتے ہیں دنیا بھر کے مسلمان آج جن مشکلات اور مصائب میں مبتلا ہیں وہ صرف اور صرف دین اسلام سے دوری کی وجہ ہے حضور پاک صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم نے دنیا سے جہالت کا دور ختم کیا انہوں نے کہاکہ آج ہم اللہ کے احکامات ‘قرآنی تعلیمات اور نبی کریم صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے راستوں پر عمل کرتے ہوئے چلیں تو مسلمانوں کا دنیا بھر میں ایک مقام ہو او ردہشت گردی جیسے نا سور سے جان جھوٹ جائے کانفرنس سے دیگر علماء اکرام نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تمام گرلز کالجز کے لئے پنجاب حکومت کی طرف سے نئی بسیں فراہم کردی گئی ہیں : مہر محمد افضل
گجرات (جی پی آئی)ڈی پی آئی کالجز مہرمحمد افضل نے بتایا ہے کہ گجرات کے تمام گرلز کالجز کے لئے پنجاب حکومت کی طرف سے نئی بسیں فراہم کردی گئی ہیں ضلع بھر کے کالجوں کو نئی بسوں کی فراہمی سے طالبات کو ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہوگی ۔تاہم عنقریب یہ بسیں تمام کالجز کے حوالے کردی جائینگی۔’
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لوگوں کو بنیادی سہولیات پہنچاناشیرپائو گروپ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے:فیصل میر
گجرات (جی پی آئی) قومی وطن پارٹی شیرپائو کے فیڈرل کونسل ممبر محمد فیصل میر نے کہا کہ لوگوں تک تعلیم ، صحت، توانائی، سوئی گیس اور بجلی جیسی سہولیات پہنچانا قومی وطن پارٹی شیرپائو کی اولین ترجیحات میں شامل ہے شیر پائو یوتھ ونگ ملکی ترقی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی شیر پائو یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے عرض پاک سے محبت کا عملی نمونہ پیش کیا ہے۔چیف آرگنائزرپنجاب و فیڈرل کونسل ممبرقومی وطن پارٹی شیرپائو محمدفیصل میر نے شیر پائو یوتھ ونگ کے وفد گوجرانوالہ ملا قات کر تے ہو ئے کرتے ہوئے کہا کہ اسلام صلح و سلامتی اور احترام آدمیت کا داعی مذہب اور انسانی فلاح و بہبود کے کاموں میں بلا تفریق خدمت پر یقین رکھتا ہے۔ اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کیلئے اسلام میں کوئی گنجائش نہیں پاکستان میں تمام مذاہب کے تعلقات اور پر امن سماجی و مذہبی بقائے باہمی کے نظریہ کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ نوجوان نسل ملک کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، قومی وطن پارٹی شیرپائو کی حکومت نے قائد اعظم کے فرمان کو عملی شکل دی ہے۔ شیر پائو یوتھ ونگ ملکی ترقی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ہم وطن کی سا لمیت اور دفاع کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ نوجوان اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور وطن کی سا لمیت او ر دفاع کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں، اور عہد کریں کہ زندگی کے ہر میدان میں ملکی ترقی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ قومی وطن پارٹی شیرپائو عوام کو ضروریات زندگی کی ہر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں انشاء اللہ لوگوں تک تعلیم ، صحت، توانائی، سوئی گیس اور بجلی جیسی سہولیات پہنچانا پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ہر سہولت عوام کے گھروں کی دہلیز تک فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، تاکہ عوام کا معیار زندگی بلند ہو اور لوگ قومی وطن پارٹی شیرپائو کے اقدامات سے پوری طرح مطمئن اور بھر پور زندگی گزار سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جو سیاسی پارٹی گائوں ہرداس پور کو گیس فراہم کریگی الیکشن میں ووٹ اسی کو دیے جائینگے عمران ظفر
گجرات (جی پی آئی) بلجیم کی معروف شخصیت چوہدری عمران ظفر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہرداس پور گاؤں حلقہ این اے 104، پی پی 109 کے حلقہ میں خاص اہمیت رکھتا ہے. لیکن پچھلے 10 سالوں سے اس گاؤں کے ترقیاتی کاموں میں کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے ارد گرد کے گاؤں میں واٹر سپلائی ، نکاسی آب، بجلی کے بہتر فراہمی کے لیے ٹرانسفارمرز، نالیوں اور گلیوں کے پختگی کے لیے ٹینڈر پاس کیے گئے اور تمام سہولیات میسر کی گئی اور ہر بار ہرداس پور کے ساتھ سوتیلا جیسا سلوک کیا گیا۔ اب ارد گرد کے گاؤں کو گیس بھی فراہم کی جا رہی ہے لیکن ہمارے گاؤں کو سہولیات کے فقدان کی بناء پر زمانہ پستی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ اب گاؤں کے لوگ با شعور ہو چکے ہیں اور کچھ لو کچھ دو کے پالیسی پر عمل پیرا ہوں گے۔ جو سیاسی پارٹی ہمارے گاؤں میں گیس، واٹر سپلائی اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی، آئندہ الیکشن میں ووٹ اسی کو دیے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سرائے عالمگیر کے قریب ٹرک کی ٹکر سے لالہ موسیٰ کا رہائشی جاں بحق
گجرات (جی پی آئی) سرائے عالمگیر کے قریب ٹرک کی ٹکر سے لالہ موسیٰ کا رہائشی جاں بحق ، کزن شدید زخمی ، تفصیل کے مطابق کمیٹی روڈ لالہ موسیٰ کا رہائشی ظاہر اللہ خان اپنے کزن واجد خان سکنہ محلہ کائرہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ سرائے عالمگیر کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے ٹرک سے ٹکرا گیا ، جسکے نتیجے میں ظاہر اللہ خاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقعہ پر دم توڑ گیا ، جبکہ واجد خان شدید زخمی ہو گیا ، متوفی ظاہر اللہ خان کی میت گھر پہنچنے پر کہرام برپا ہو گیا ، بعد ازاں متوفی کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسجد کی رائفل چرا کر فرار ہونے والا چور گرفتار
گجرات (جی پی آئی)مسجد کی رائفل چرا کر فرار ہونے والا چور گرفتار ، تفصیل کے مطابق نواحی گائوں قاجی امام شاہ کا رہائشی یاسر محمود ولد محمد آصف کمیٹی روڈ پر واقع مسجد رحمانیہ اہلحدیث سے ملحقہ کمرے میں مسجد کے سیکورٹی گارڈ کی پڑی ہوئی رائفل چور ی کر کے فرار ہو رہا تھا ، کہ سٹی پولیس نے پکڑ لیا اور رائفل برآمد کر لی ، ملزم کے خلاف زیر دفعہ 380,13-20-65مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
7سالہ بچے کی بحفاظت بازیابی پولیس کا اہم کارنامہ ہے:سید جعفر حسین شاہ
گجرات (جی پی آئی) 7سالہ بچے کی بحفاظت بازیابی پولیس کا اہم کارنامہ ہے ، جس پر ڈی پی او گجرات راجہ بشارت محمود ، ڈی ایس پی سید ضیاء حسین جعفری ، ایس ایچ او سٹی ریاض کدھر ، ایس ایچ او صدر ممتاز میکن ، انچارج ایلیٹ فورس انسپکٹر ضیغم ثناء وڑائچ ، سب انسپکٹر خالد حسین بوکن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار سید جعفر حسین شاہ حسام رسولپور ، سید وسیم شاہ ، مرزا شمعون جرال نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا انہوںنے کہا کہ 48گھنٹوں میں اغواء برائے تاوان کے ملزمان کی گرفتاری اور 7سالہ بچے کی بحفاظت بازیابی پر پولیس افسران اور بچے کے ورثاء کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حاجی اختر علی برنالہ نے تاوان کیلئے اغواء ہونے والے بچہ کی بازیابی پر گجرات پولیس کو خراج تحسین
گجرات (جی پی آئی) کنونیئر مصالحتی کمیٹی و سینئر نائب صدر مرکزی انجمن تاجران لالہ موسیٰ حاجی اختر علی برنالہ نے 7سالہ سکندر حمید کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری پر DPOگجرات راجہ بشارت ، انسپکٹر ایلیٹ فورس ضیغم ثناء وڑائچ ، انسپکٹر ریاض کدھر ، ڈی ایس پی سید ضیاء جعفری کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا ہے کہ اللہ کی رحمت و نصرت اور پولیس افسران کی انتھک محنت اور جانفشانی سے سکندر حمید کی بخیر و عافیت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری اس بات کی غماز ہے کہ پنجاب پولیس میں اہلیت اور صلاحیت کی کمی نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیر ریلی صبح 10بجے گردوارہ سکول مین بازار سے نکالی جائے گی ، جو کہ جی ٹی روڈ چوک پر اختتام پذیر ہو گی ، ریلی میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین و کارکنان بھی شریک ہونگے ، جماعت اسلامی نے ریلی کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں ، گزشتہ رات امیر جماعت اسلامی زون 112احسان اللہ بٹ کی صدارت میں جائزہ و منصوبہ بندی اجلاس منعقد ہوا ، جس میں ذمہ داران جماعت اسلامی نے کشمیر ریلی کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موسم سرما کی الوداعی بارش شروع ، ٹھنڈایک مرتبہ پھر لوٹ کر آ گئی
گجرات (جی پی آئی) موسم سرما کی الوداعی بارش شروع ، ٹھنڈایک مرتبہ پھر لوٹ کر آ گئی ،گجرات اور گرد و نواح میں گزشتہ دن سے ہلکی بوندا باندی جاری رہی ، جس کی وجہ سے ٹھنڈ میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہو گیا ، جبکہ بوندا باندی کی وجہ سے سڑکوں پر سلپ ہو جانے سے حادثات میں اضافہ ہوا ، اکثر موٹر سائیکل سوار سلپ ہو جانے کی وجہ سے زخمی ہو کر ہسپتالوں میں پہنچ گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔