ہالی وڈ کے ممتاز اداکار ۔کیلی فورنیا کے قصبے لایولا میں5 اپریل 1916کو پیدا ہوئے اور کیلی فورنیا یورنیورسٹی برکلے سے انگریزی ادب میں گریجویشن کیا۔انہوں نے اپنے فلمی کیریئر میں ساٹھ سے زائد فلموں میں اداکاری کی جن میں کیپ فیئر، سپیل بانڈ، گنز آف نیور آن اور رومن ہالیڈے جیسی شاہکار فلمیں شامل ہیں۔انیس سو چوالیس میں بننے والی فلم ڈیز آف گلوری سے انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ گریگری پیک کی دوسری فلم کیز آف دی کنگڈم تھی جس میں انہوں نے ایک پادری کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کردار نگاری کے سلسلے میں انہیں اکیڈمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔
گریگری پیک کا شمار بیسویں صدی کے دوران فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے مشہور ترین فنکاروں میں ہوتا ہے۔ انہیں آسکر ایوارڈ کے لیے پانچ مرتبہ نامزد کیا گیا۔ٹو کِل اے موکنگ برڈ میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے باعث انہیں آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔ اس فلم میں ان کے کردار کو امریکی فلم انسٹی ٹیوٹ کے ایک سروے کے مطابق امریکی فلمی تاریخ میں (بحیثیتِ ہیرو) سب سے اعلی درجہ حاصل ہے۔فلمی کیریئر کے دوران انہیں ایک بار آسکر ایوارڈ اور پانچ مرتبہ گولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا گیا۔
انہوں نے ہر طرح کے کردار ادا کیے جن میں فوجی سپاہی، کا بوائے، اور رومانوی ہیرو کے علاوہ مذہبی کردار بھی ادا کیے۔لوگوں نے عموما انہیں ہیرو کے کردار میں زیادہ سراہا اور ویلن کے کردار میں انہیں خاطر خواہ پذیرائی حاصل نہیں ہو سکی۔فلم ویسٹرن ڈیول اِن دی سن میں انہوں نے باغی بیٹے کا اور فلم دی بوائز فرام برازیل میں بدنامِ زمانہ نازی ڈاکٹر کا کردار ادا کیا۔لاس اینجلس میں 2003 ء کو ان کا انتقال ہوا۔