لاہور(جیوڈیسک)امریکی متنازعہ فلم کے خلاف پاکستان میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے .لاہور سمیت کئی شہروں میں وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کر دیا ۔گستاخانہ فلم کے خلاف ملک کے مختلف شہرون میں آج بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
پشاور پریس کلب کے سامنے قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب کے زیر اہتمام مظاہرہ ہوا ۔ مظاہرین نے امریکی پرچم کو آگ لگا دی اور نعرے لگائے۔ فاٹا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکنوں نے بھی احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی ۔ اور مطالبہ کیا کہ امریکاسے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں ۔ لنڈی کوتل میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ریلی نکالی۔
لاہور بار کے وکلاء نے فلم کیخلاف سیشن کورٹ ، ماڈل ٹاون،ضلع کچہری اور کینٹ کچہری کا مکمل عدالتی بائیکاٹ کیا ۔ راجن پور میں بھی وکلا نے ہڑتال کی اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ امریکی فلم کے خلاف ریلی بھی نکالی گئی ۔گستاخانہ فلم کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں رٹ بھی دائر کردی گئی ہے۔رٹ میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ فلم نے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کی لیکن پی ٹی اے نے ابھی تک ویب سائٹ کو بلاک نہیں کیا۔