پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے سدا بہار گیت گانے والی معروف گلوکارہ رونا لیلی ساٹھ برس کی ہو گئیں ۔ سترہ نومبر انیس سو باون کو بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں پیدا ہونے والی رونا لیلی نے کلاسیکل موسیقی کی تعلم استاد حبیب الدین سے حاصل کی۔ کیرئیر کا آغاز کراچی ٹیلی ویژن سے پیش کیے جانے والے ضیا محی الدین شو سے کیا۔ اس کے بعد ان کی مدھر آواز نے ایسا سماں باندھا کہ ستر کی پوری دہائی میں یہ آواز چار سو گو نجتی رہی۔
مادری زبان بنگالی ہونے کے باوجود رونا لیلی کو اردو زبان اور لفظوں کی ادائیگی پر ملکہ حاصل ہے۔ رونا نے سیکڑوں غزلیں، گیت اور طربیہ گانے گائے جو ہر عمر کے لوگوں کے دلوں کو گرماتے ہیں۔ رونا لیلی کی گائیکی میں چل بلے پن کی چھاپ نمایاں نظر آتی ہے۔ رونا نے معروف بھارتی موسیقار کلیان جی آنند جی، جے دیو ، لکشمی کانت پیارے لال اور بپی لہری کی دھنوں کو بھی اپنی مسحور کن آواز سے سنوارا۔ رونا لیلی اب بنگلہ دیش میں مقیم ہیں ۔