گلگت (جیو ڈیسک)وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں امن وامان اور معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔ وزیراعظم ہاوس میں گلگت بلتستان سے متعلق اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گلگت بلتستان کو مکمل خودمختاری دی ۔ وہاں امن امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے جس کے بغیر معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی کا خواب ادھورا رہے گا۔
وزیراعظم نے گورنر اور وزیراعلی گلگت بلتستان کو یقین دلایا کہ معاشی ترقی اور فرقہ واریت کے چیلنج پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت تمام وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ چالیس سے پچاس ہزار میگاواٹ سستی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھاشا ڈیم کی تکمیل سے خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور ہزاروں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔